نصیحت نمبر32 : سب سے بڑی موت
اللہ عَزَّوَجَلَّ ارشادفرماتاہے : ’’(اے ابن آدم!)تیرا تھوڑی سی مصیبت کو برداشت کرناجہنم کاعذاب برداشت کرنے سے کہیں زیادہ آسان ہے ۔
(عذابِ جہنم کے بارے میں ارشادہوتاہے : )
اِنَّ عَذَابَهَا كَانَ غَرَامًاۗۖ(۶۵) (پ۱۹، الفرقان : ۶۵)
ترجمۂ کنزالایمان : بے شک اس کا عذاب گلے کا غل(پھندا) ہے ۔
(اے ابن آدم!)تھوڑی سی عبادت پرہمیشگی اپنے پیچھے ایسی طویل خوشی لائے گی جس میں دائمی سکون ونعمتیں ہوں گی ۔
اے ابن آدم!اس سے پہلے کہ میں تیرارزق کسی اورکوکھلادوں ، تجھ پرلازم ہے کہ اس بات کا یقین رکھ جس کا میں ضامن ہوں ۔ دُنیاکوچھوڑ دے، قبل اس کے کہ میں تجھے چھوڑدوں ۔ شبہات سے چھٹکارا پالے، اس سے پہلے کہ قیامت کے دن تیری نیکیاں ختم ہوجائیں ۔ ذکر ِ آخرت سے اپنے دِل کو آباد رکھ کیونکہ قبرکے علاوہ تیرا کوئی اور ٹھکانہ نہیں ۔
اے ابن آدم!جو جنت کا مشتاق ہوا اس نے صدقات وخیرات میں جلدی کی ۔
جو جہنم سے ڈر گیا وہ شّر سے باز آگیااورجس نے اپنے نفس کو شہوات سے روک لیا اس نے درجات عالیہ کوپالیا ۔
اے موسیٰ بن عمران(1) (عَلَیْہِ السَّلَام)!اگربے وضوہونے کی حالت میں تمہیں کوئی مصیبت پہنچے تواپنے آپ کو ہی ملامت کرنا ۔
اے موسیٰ بن عمران(عَلَیْہِ السَّلَام)!نیکیوں میں مفلسی(یعنی نیکیاں نہ ہونا)سب سے بڑی موت ہے ۔
اے موسیٰ بن عمران(عَلَیْہِ السَّلَام)!جس نے مشورہ نہ کیاوہ نادم ہوااورجس نے استخارہ (یعنی مشورہ)کیاوہ شرمندہ نہ ہوا ۔
________________________________
1 - .. مفسرقرآن، صدرالافاضل حضرت علامہ مولینا مفتی سید محمد نعیم الدین مرآد آبادی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الْہَادِی فرماتے ہیں : ’’عمران دو ہیں ایک عمران بن یَصْہُر بن فاہث بن لاوٰی بن یعقوب یہ تو حضرت موسی و ہارون (عَلَیْہِمَاالصَّلٰوۃُ وَالسَّلام) کے والدہیں دوسرے عمران بن ماثان یہ حضرت عیسٰی عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلام کی والدہ کے والد ہیں دونوں عمرانوں کے درمیان ایک ہزار آٹھ سو برس کا فرق ہے ۔ ‘‘(تفسیرخزائن العرفان، پ۳، اٰلِ عمران، تحت الایہ : ۳۵)


0 Comments