موت اوراس میں غوروفکرکا بیان Mout Aur Us Me Gour Wa Fikar

موت اوراس میں غوروفکرکا بیان

حمد ِ باری تعالیٰ:


    سب خوبیا ں اللہ عَزَّوَجَلَّ کے لئے ہیں جس نے تنہا مختلف اشیاء اورمخلوقات کو پیدا کیا ۔وہ جسم ، تقسیم اور ہیئت وصورت سے منزّہ ہے۔شکل ،مثل ،جگہ اور جہت سے بہت بلند ہے۔اعیان ،الوان اور کیفیات سے پاک ہے۔قدیم اسماء وصفات سے موصوف ہے ۔جواسے پکارتاہے اس کے قریب ہے مگرمسافت والی قربت سے نہیں۔ جواخلاص بھری دعاؤں کے ذریعے اس سے مناجات کرتا،اس کی دعاکوقبول فرمانے والاہے ۔وہ گناہوں کو معاف کرتا ، عیبوں کو چھپا تا، اپنے بندوں کی توبہ کو قبول کرتا، برائیوں سے درگزرفرماتاہے۔وہ دل کے پوشیدہ راز،چھپے افکاراوراوجھل امورکو جاننے والاہے ۔وہ ایساخبردارہے جس پر زمین وآسمان کی ذرہ بھرچیز مخفی نہیں۔ وہ ایساسننے والاہے کہ آوازوں کااختلاف اس کی سماعت سے پوشیدہ نہیں۔وہ ایسادیکھنے والاہے کہ اندھیروں میں ریت پر چیونٹی کے رینگنے کانشان اس سے اوجھل نہیں۔ وہ اکیلا ہے، ا س کا کوئی ثانی نہیں۔وہ یکتا،بے نیازاور بیٹوں اور بیٹیوں سے پاک ہے۔وہ ہمیشہ سے ہے ہمیشہ رہے گا اورہرکوئی فناہوجائے گا،وہ ہی ان کی موت کافیصلہ فرماتا ہے۔
    پاک ہے وہ جو زندوں کو مارنے اور مردوں کو زندہ کرنے والاہے ۔ انسان جس وقت دنیامیں شہوات کی لذت کے سبب دھوکے میں مبتلاء ہوتا اور غفلت کے سمندر میں غرق ہوتا ہے توایسے میں جب اس کے پاس موت آتی ہے تووہ اسے اپنی سختیوں کے جام گھونٹ گھونٹ پلاتی اوراس پراپنے مصائب کوڈال دیتی ہے ،اس وقت موت کی سختیاں اسے گھیرلیتی ہیں اوراپنی شدت سے اسے حسرتوں میں مبتلاکردیتی ہے۔جن لذتوں میں وہ کھویاہواتھا،موت اسے ان سے جداکردیتی ہے۔ماں باپ کورلاتی اوربیٹے بیٹیوں کویتیم کر دیتی ہے۔مرنے والے کے مصائب وآلام پر عبرتوں کاپہرہ بیٹھ جاتاہے۔لوگ اسے کندھوں پر اٹھاکر ویران قبرستان کی طرف لے چلتے ہیں۔اوروہ اپنی قبرمیں ریزہ ریزہ ہوجائے گا۔اس تنہائی میں صرف اچھے برے اعمال اس کے ساتھ ہوں گے۔وہاں تقویٰ وعبادات،بھلائی وصدقات،نمازاوردعاؤں کے علاوہ کچھ کام نہ آئے گا۔توکیاعقلمندانسان ،مرنے والے کی پکڑوہلاکت سے اب بھی عبرت حاصل نہیں کرتا۔تحقیق پیسنے والی قبروں نے مُردے پرقبضہ کرلیا۔آقاوغلام کہاں گئے؟ توپھرانسان زندہ رہنے میں کس طرح طمع کرتاہے ۔
    حالانکہ، دلائل ومعجزات کے مالک ،دوعالم کے داتا،مکی مدنی آقاصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کافرمانِ عبرت نشان ہے:''بے شک موت کی سختیاں بہت ہیں۔''

 (صحیح البخاری،کتاب المغازی،باب مرض النَّبی ووفاتہ، الحدیث۴۴۴۹،ص۳۶۵)
    اے غفلتوں کے شکار! اپنی موجودہ حالت سے خبردارہوجا ۔اور آخرت کے طویل سفر کے لئے زادِراہ تیار کر لے۔ کیونکہ زندگی تھوڑی سی باقی ہے جبکہ جانے والے کے لئے موت کی سختیوں کے جام تیارہوچکے ہیں۔
    اُمُّ المؤمنین حضرتِ سیِّدَتُناعائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہاروایت فرماتی ہیں: ''ایک دن میں نے رسولِ پاک صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ سلَّم کو مجا ہدین کے ثواب اوران کے لئے اللہ عَزَّوَجَلَّ کے جنت میں تیار کردہ اجرو ثواب کے متعلق بیان فرماتے سنا تو عرض کی: ''یا رسول اللہ عَزَّوَجَلَّ وصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم! کیا مجاہدین کے علاوہ بھی آپ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلّم کے کسی امتی کے لئے اتنا اجر ہے ؟ '' تو آپ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم نے ارشاد فرمایا:'' ہاں! جو شخص روزانہ بیس مرتبہ موت کو یاد کرے (تووہ بھی مجاہدین کی مثل اجروثواب پائے گا)۔''  (قوت القلوب،ذکر التداوی وترکہ للمتوکل،ج۲،ص۵۳،بتغیرٍ)

Post a Comment

0 Comments